اوکاڑہ؛عید کے تیسرے روز بھی آلائشیں اٹھانے اور صفائی ستھرائی جاری

17

اوکاڑہ،01جولائی(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف کی ہدایت پر ضلع کی تینوں تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی صفائی ستھرائی پر متعین ٹیمیں متحرک وفعال ہیں اورتینوں تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز ذاتی طور پر فیلڈ میں موجود ہیں اور صفائی ستھرائی کے اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ چیف افسران کی زیر نگرانی کام کرنے والی ٹیمیں عید کے تیسرے دن بھی قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے اور صفائی ستھرائی کے سلسلہ میں اقدامات کر رہی ہیں۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق عید کے پہلے روز 946.45 میٹرک ٹن الائشیں اٹھائی گئیں،عید کے دوسرے دن 832.25 میٹرک ٹن الائشیں اٹھائی گئیں۔ضلع اور تحصیل کی سطح پر قائم کنٹرول رومز میں 308 شکایات موصول ہوئیں جنہیں موقع پر ہی حل کر دیا گیا ۔

عید الاضحی کے پہلے دو دنوں میں ضلع اوکاڑہ میں مجموعی طور پر 741 افسران و ملازمین 137 گاڑیوں پر مشتمل ٹیموں نے اس آپریشن میں حصہ لیا اور ایک ہزار 778 میٹرک ٹن سے زائد قربانی کے جانوروں کی الائشیں اٹھائیں۔

 عید الضحی کے دنوں میں ڈپٹی کمشنر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز صاحبان میونسپل کمیٹیوں کے چیف افسران فیلڈ میں موجود رہے اس کے علاوہ عید کی چھٹیوں میں شہریوں کے لیے سہولت اور آسانی پیدا کرنے والے سرکاری ملازمین نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

 ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ عید کی چھٹیوں میں ضلع کے تمام شہروں ،قصبات اور دیہات میں صفائی ستھرائی کی مہم میں حصہ لینے والے نمبر داران،سیکرٹری یونین کونسل ،امام مسجد صاحبان اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران واہلکاران نے بہترین کام کیا ہے جس پر وہ شاباش کے مستحق ہیں۔