بھکر،11جولائی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے محرم روٹس کے معائنہ کیلئے تحصیل دریاخان کا تفصیلی دورہ کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دریا خان ذیشان شریف نے محرم الحرام کے سلسلہ میں انتظامی امور کے حوالہ سے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور انتظامی افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے محرم روٹس کے معائنہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام حرمت والا مہینہ ہے جس کے دوران مثالی امن و امان اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھا جائے اس سلسلہ میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے قیام امن کیلئے انتظامیہ کیساتھ بھرپور معاونت کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے جو کہ نہایت خوش آئند امر ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام میں جلوسوں اور مجالس عزا کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے خصوصی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے جلوسوں کے راستوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب یقینی بنائی جارہی ہے جبکہ جلوس روٹس پر تعمیر و مرمت کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر دریا خان ذیشان شریف کو خصوصی طور پر ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا کہ انشاء اللہ امسال ضلع بھر میں انتظامی امور اور سکیورٹی کے حوالہ سے محرم الحرام میں مثالی نوعیت کے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔











