حکومت ملکی معیشت کی مضبوطی اور تجارت و صنعت کے فروغ کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن

9

لاہور 12 جولائی ( اے پی پی ): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت  ملکی معیشت کی مضبوطی اور تجارت و صنعت کے فروغ کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے، مخلصانہ کوششوں سے ملکی معیشت کو بحران سے نکالا ہے۔ملکی معیشت میں استحکام کے آثار دکھائی دے رہے ہیں جو ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خوش آئند ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے  سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب نائب صدر میاں انجم نثار سے  ملاقات کے دوران کیا ۔ ملاقات میں ملک کی معاشی صورتحال اور مختلف صنعتوں سے وابستہ تاجروں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیاگورنر پنجاب نے  میاں انجم نثار کو سارک چیمبر کا نائب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ  امید ہے میاں انجم نثار علاقائی تجارت کو فروغ دینے کے علاوہ سارک کے رکن ممالک کو قریب لانے کے لیے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

 گورنر پنجاب نے کہا کہ  پاکستان جنوبی ایشیا کو ایک خوشحال اور معاشی طور پر مربوط خطہ بنانے کے لیے سارک ممالک کے درمیان علاقائی تجارت کو بہتر بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے،ملک کی معاشی ترقی اور استحکام کے لیے تاجر برادری کا کردار اہم ہے۔اس موقع پر سارک چیمبر کے نو منتخب نائب صدر میاں انجم نٹار نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں سرحد پار تجارت کو بہتر بنانے کے لیے پیداوار اور برآمدی عمل کی تنظیم نو بہت ضروری ہے۔ جنوبی ایشیا اپنے متنوع وسائل اور ہنر مند افرادی قوت کی بدولت دنیا کو سب سے تیزی سے برآمد کرنے والا خطہ بننے کی زبردست صلاحیت رکھتا ہے، سیاحت، زراعت، ماہی گیری، تجارت اور بہت سے شعبوں میں سارک ممالک کے ساتھ اشتراک کے وسیع  امکانات موجود ہیں۔