چنیوٹ،11 جولائی (اے پی پی):دریائے چناب سے چنیوٹ میں سیلابی پانی داخل ہو گیا،منگل کی شام تک پانی کا بہاو کچھ کم ہو جائے گا۔سیلابی پانی اس وقت چنیوٹ کی تحصیل بھوآنہ کی طرف رواں دواں ہے، پھر تریموں ہیڈ کی طرف پانی داخل ہو گا۔ضلعی انتظامیہ چنیوٹ کی بروقت کاروائیوں سے عوام نشیبی علاقوں سے نکل گئے ہیں۔ درمیانی درجے کے سیلابی ریلے کا بہاؤ زیادہ سے زیادہ 162246 صبح 11 بجے کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔رات بارہ بجے بہاؤ 140250 کیوسک تھا۔جب کہ ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کے مطابق دو لاکھ کیوسک پانی کا سیلابی ریلا چنیوٹ سے گزرے گا۔
ریسکیو1122کے مطابق چنیوٹ دریائے چناب میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لیے پنجاب ایمرجنسی سروس ڈسٹرکٹ چنیوٹ ہائی الرٹ ریسکیو 1122 نے ضلع بھر میں اب تک 9 مقامات پر فلڈ ریلیف کیمپ قائم کئے جن میں ٹی ڈی سی پی پوائنٹ چنیوٹ، ہرسہ شیخ چنیوٹ، بابو رائے چنیوٹ، متھرومہ چنیوٹ، دوست محمد لالی پل، گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری سکول بھوآنہ، جامعہ آباد بھوآنہ، پٹھان کوٹ لالیاں اور ہمبوانہ لالیاں کے علاقے شامل ہیں۔سیلابی پانی اس وقت بھوآنہ کے علاقے میں داخل ہو رہا ہے۔
سیلابی پانی کچھ نشیبی لاقوں میں بھی داخل ہو ا ہے جو کہ بالکل دریاء کے ساتھ آباد ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا ممکنہ سیلابی صورتحال کے سلسلہ میں مختلف علاقوں کا دورے کر رہے ہیں۔











