حکومت پنجاب مائینز ورکرز کی فلاح و بہبود کو زیادہ سے زیادہ ترجیح دے رہی ہے؛ صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد

12

جوہرآباد،11جولائی( اے پی پی): صوبائی وزیر معدنیات و کان کنی ابراہیم حسن مراد نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب مائینز ورکرز کی فلاح و بہبود کو زیادہ سے زیادہ ترجیح دے رہی ہے، مائینز ورکرز کی فلاح بہبود کے کئی منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔

وہ مائینز لیبر ویلفیئر ہسپتال خوشاب میں 30 کلوواٹ سولر سسٹم کا افتتاح کے موقع پر بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر مائینز لیبر ویلفیئر کمشنر پنجاب ریاض احمد چوہدری نے صوبائی وزیر کوبریفنگ دی اور بتایا کہ مائینز ہسپتال میں 30کلو واٹ سولر سسٹم کی تنصیب پر90لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں جبکہ پی ایم ڈی سی سالٹ مائینز وڑچھہ واٹر سپلائی سکیم تقریباً 85لاکھ روپے خرچ سے مکمل  ہوئی ہے۔

صوبائی وزیر نے مائینز ریسکیوورز کی ڈرل ایکسر سائز کا معائنہ بھی کیا ، مائینز ہسپتال میں مریضوں کی عیادت کی اور مائینز لیبارٹری میں جد ید ألات کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے مائینز کمپلیکس کے احاطہ میں پودا بھی لگایا۔

صوبا ئی وزیر سے ہڑتالی واحتجاجی سرکاری ملازمین نے ملاقات کی۔سرکاری ملازمین نے حکومت پنجاب سے وفاقی حکومت کی طرز پر سکیل 16تک کے ملازمین کی رننگ پے پر 35فیصد اور پنشنرز کو ساڑھے سترہ فیصد اضافہ کی منظوری کے علاوہ لیو انکیشمنٹ کا حالیہ نوٹیفیکشن منسوخ کرنے کے مطالبات کئے جس پر صوبائی وزیر نے ان کے تمام مطالبات اعلیٰ حکام تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔

صوبائی وزیر معدنیات سے مائینز مالکان نے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے صوبائی وزیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر نے ان کے مطالبات بھی اعلیٰ حکام سے حل کروانے کا وعدہ کیا۔

بعدازاں صوبائی وزیر نے تحصیل قائدآباد میں 85لا کھ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والی پی ایم ڈی سی سالٹ وڑچھہ کی واٹر سپلائی سکیم کا افتتاح کیا اور وڑچھہ مائینز کا دورہ بھی کیا۔

اس موقع پرڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا،سابق ایم این اے ملک شاکر بشیر اعوان بھی  موجود تھے۔