سکھر ؛دریائے سندھ میں سکھر اور گدو بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال

18

سکھر، 26 جولائی (اے پی پی):سکھر بیراج اور گدو بیراج پر پانی کی سطح بڑھنے کے بعد نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے ، آئندہ چوبیس گھنٹوں میں سیلابی صورتحال درمیانے درجے میں تبدیل ہو نے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

 محکمہ آبپاشی سندھ کے زیر انتظام سکھر بیراج پر قائم کئے گئے کنٹرول روم کے انچارج عزیز احمد سومرو کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ سکھر بیراج اور گڈو بیراج پر پانی کی سطح بڑھنے کے بعد نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ دونوں بیراجوں پر پانی کی سطح میں اضافے کے ساتھ ہی کچے کا علاقہ زیر آب آگیا ہے۔

 انچارج کنٹرول روم سکھر بیراج کے مطابق اسی طرح دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہوتی رہی تو آئندہ چوبیس گھنٹوں میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال درمیانے درجے میں تبدیل ہو سکتی ہے۔

بدھ کو گڈو بیراج پر پانی کی آمد 2لاکھ 95 ہزار 662 کیوسک ریکارڈ کی گئی۔ سکھر بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 22 ہزار450 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 18 ہزار 250۔کیوسک رہا۔ کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 72 ہزار 082 اور اخراج 47 ہزار 577 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

 انچارج کنٹرول روم سکھر بیراج عزیز سومرو کے مطابق سکھر بیراج پر پانی کی سطح میں اضافے اور نچلے درجے کی سیلابی صورتحال کے باعث سکھر بیراج کے تمام گیٹ کھول دیئے گئے ہیں۔سکھربیراج سے نکلنے والی متعدد نہروں کو بند کردیا گیا ہے جبکہ کئی نہروں میں پانی کی فراہمی کم کردی گئی ہے ۔