سیالکوٹ ، 28 جولائی( اے پی پی): صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن منصور قادر نے سیالکوٹ کا دورہ کیا ، وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر صوبائی وزیر نے عاشورہ محرم الحرام کے موقع پر مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی سمیت انتظامات کا جائزہ لیا اور مرکزی امام بارگاہ مستری محمد عبداللہ سے برآمد ہونے والے جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا ، صوبائی وزیر نے ڈسٹرکٹ کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا جہاں ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان ، ڈی پی او حسن اقبال نے بریفنگ دی ، اے سی سیالکوٹ غلام سرور، کنوینیر امن کمیٹی حافظ اصغر چیمہ، ایوب اپل بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن منصور قادر نے اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں عاشورہ محرم الحرام کے دوران 1210 مجالس عزا اور 303 ماتمی جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے بروقت اقدامات کا آغاز کر دیا گیا تھا ان میں 66 مجالس اور 40 جلوس اے کیٹگری کے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عاشورہ محرم الحرام کے موقع پر مرکزی امام بارگاہ مستری محمد عبداللہ ، مرکزی امام بارگاہ اڈہ پسروریاں اور امام بارگاہ سیالکوٹ کینٹ کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ، مرکزی کنٹرول روم میں 138 سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران موسم برسات بھی ہے ، ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی ایس ڈبلیو ایم سی کے نکاسی آب کے لیے اقدامات اطمینان بخش ہیں اور عزاداروں کی سہولت کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ صوبائی وزیر منصور قادر نے ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان ، ڈی پی او حسن اقبال ، ضلعی امن کمیٹی کے ممبران و علماء کرام کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں بھرپور سراہا ۔











