سیالکوٹ۔28جولائی (اے پی پی):سیالکوٹ پولیس نے ضلع بھر میں رینجرز کے ساتھ ملکر9 محرم الحرام کے دوران امن وامان کو قائم رکھنے کے لیے فلیگ مارچ کیا۔ ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ محمد حسن اقبال کی ہدایت پر محرم الحرام کے سلسلہ میں ضلع بھر میں امن وامان کی فضابرقرار رکھنے کے لئے ایس پی انویسٹی گیشن ضیااللہ کی زیر قیادت پولیس لائنز سے فلیگ مارچ کا آغاز کیا گیا جو ضلع کی مختلف شاہراہوں خواجہ صفدر روڈ، امام بارگاہ کینٹ، گھنٹہ گھر چوک کینٹ، امام بارگاہ مستری عبداللہ، سرکلر روڈ، پل اہک نیکا پورہ، حاجی پورہ، عالم چوک، شہابپورہ، اگوکی اور کشمیر روڈ سے ہوتا ہوا پولیس لائنز پر جا کر اختتام پزیر ہوا۔فلیگ مارچ میں ڈی ایس پی ٹریفک، ڈی ایس پیز سرکلز ،ایس ایچ اوز، ایلیٹ فورس اور رینجرز کے دستوں نے بھر پور شرکت کی۔ ڈی پی او سیالکوٹ محمد حسن اقبال نے محرم الحرام کے سلسلہ میں شہریوں کو اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ شرپسند اور قانون شکن عناصر کے متعلق فوراً پولیس کو بذریعہ 15اطلاع دیں ۔ امن و امان کو برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کیلئے سیالکوٹ پولیس پوری طرح متحرک ہے ۔امن وامان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔











