صوبائی وزیر ایس ایم تنویر سے خانیوال،میاں چنوں کے صنعتکاروں کی ملاقات

10

لاہور، 6 جولائی(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر سے خانیوال اور میاں چنوں کے صنعتکاروں نے جمعرات کو یہاں پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے کمیٹی روم میں ملاقات کی،ملاقات میں خانیوال اور میاں چنوں کی سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کے ترقیاتی مسائل اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنعتکاروں کا انڈسٹریل اسٹیٹس میں ترقیاتی کام مکمل کرانے اور منسوخ پلاٹوں کی بحالی کا مطالبہ صوبے بھر کی انڈسٹریل اسٹیٹس کے بورڈ آف مینجمنٹ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تشکیل دئے جارہے ہیں۔ خانیوال اور میاں چنوں کی سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کے بورڈ  بھی جلدبن جائیں گے.انھوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس کے مسائل کے فوری حل کیلئے بورڈ آف مینجمنٹ ناگزیر ہیں۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ صوبے میں انڈسٹری لگے اور لوگوں کو روزگار ملے، پنجاب روزگار سکیم کے تحت اب تک 11ارب روپے کے قرضے منظورجبکہ 8ارب روپے کے آسان قرضے دیئے جاچکے ہیں۔

ایس ایم تنویر نے زور دیا کہ صنعتکار انڈسٹری لگانے کیلئے اس سکیم سے فائدہ اٹھائیں۔انھوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس کی آباد کاری حکومت کی ترجیح ہے،  یہاں کسی صورت پراپرٹی کا کاروبار نہیں ہونا چاہیئے۔

  صوبائی وزیر نے ہدایت دی کہ ڈی ایم ڈی پیسک ملتان جاکر کینسل پلاٹوں کی بحالی کی اپیلوں کا جائزہ لیں۔

مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن ،ڈی ایم ڈی, ریجنل ڈائریکٹر ملتان اور متعلقہ افسران بھی  ملاقات میں موجود تھے۔