اسلام آباد،31جولائی (اے پی پی):صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آج آزاد کشمیر کے بانی صدر غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی بیسویں برسی کے موقع ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، ہم اس بات کا تجدید عہد بھی کرتے ہیں کے جس طرح انہوں نے بے شمار قربانیاں دے کر آزادی کے بیس کیمپ آزاد کشمیر کی بنیاد رکھی ہم ان کے اس مشن کو جاری و ساری رکھیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملٹی پرپز ہال میں آزاد کشمیر کے بانی صدر غازی ملت سردار ابراہیم خان کی بیسویں برسی کے موقع پر ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یاد رہے کہ یہ ایوان صدر میں غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کے حوالے سے منعقد ہونے والی کسی بھی طرح کی پہلی اور انفرادی تقریب ہے۔ اس موقع پر تقریب سے فاتحہ میرپور خان آف منگ کی صاحبزادی خولہ خان، سدھن ایجوکیشن کے سردار تسلیم خان، سردار شاہد خان، جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے محمد رضوان مصطفائی ایڈووکیٹ، صدارتی مشیر سردار امتیاز خان نے بھی خطاب کیا۔
صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ 5اگست بھی آ رہا ہے جب 2019 میں بھارت نے آرٹیکل 370اور 35Aکو ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی کوشش کی اس موقع پر میں نے دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے کہا ہے کہ وہ لندن، نیویارک، پیرس، برسلز اور دیگر ملکوں میں اس موقع پر بھرپور احتجاجی مظاہر ہ کر کے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارت کی ریشہ دوانیوں کی جانب توجہ مبذل کروائیں اور بھارت کو یہ باور کروا دیں کہ دنیا بھر میں مقیم کشمیری سفارتی محاذ پر بھارت کے ظلم و بربریت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ آج جبکہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی برسی ہے تو میں اس موقع پر اعلان کرتا ہوں کہ آزاد کشمیر کے تمام دفاتر میں غازی ملت کی تصویر کو آویزاں کرنے کا کام یقینی بنایا جائے اور اس کا آغاز میرے دفتر سے کیا جائے۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں جب آزاد کشمیر کا وزیراعظم تھاتو غازی ملت سردار ابراہیم خان میرے ساتھ آزادکشمیر کے صدر تھے اس دوران ہمارے دور حکومت میں جتنے بھی اچھے کام ہوئے ان کا کریڈٹ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کو جاتا ہے جبکہ اس موقع پر جو کمی بیشی رہی وہ میری وجہ سے تھی۔
صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان نے نہ صرف تحریک آزادی کی قیادت کی بلکہ انہوں نے اقوام متحدہ میں بھی کشمیریوں کی نمائندگی کی۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد گرامی چوہدری نورحسین بھی غازی ملت کے دیرینہ ساتھی تھے، میں جب پانچ سال وزیراعظم تھا تو غازی ملت صدر تھے 5سال مجھے ان کی رہنمائی میں کام کرنے کا موقع ملا میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ان کی رہنمائی اور ہدایت پر آزادکشمیر کے عوام کی خدمت کی اپنے 5 سال کے دور میں نے آزادکشمیر کو ہائیڈرل پراجیکٹس دئیے جن سے اربوں روپے ریوینیو حاصل کیا جا رہا ہے، پونچھ میں گوئی نالہ روڈ دی، پلندری کیڈٹ کالج دیا، ہسپتال دئیے، باغ میں کالجز سکول دئیے، باغ ڈویلپمنٹ اتھارٹی بنائی کوٹلی میں بائی پاس، رحمن پل دیا، میرپور میں گیس کا منصوبہ دیا اسظرح کشمیری عوام کی بلاتخصیص خدمت کی، ان 5سال میں عوام کی خدمت کا تمام کریڈٹ غازی ملت سردار ابراہیم خان کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک ہیں تمام سیاسی جماعتوں کو ملا کر آگے بڑھیں گے۔
صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بیرون ملک مقیم کشمیریوں سے کہا کہ وہ کشمیری عوام کی آواز بنیں اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں اپنی بھرپور توانائیاں صرف کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اگلے سال الیکشن ہیں میری معلومات ہیں کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم میں مزید اضافہ کریگا، بھارت یسین ملک کو بھی پھانسی کی سزا دلوانا چاہتا ہے ایسے میں ہمیں بھی الرٹ رہنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت منی پور میں عیسائیوں کے خلاف بربریت کر رہا ہے، انٹرنیشنل فورموں پر اسے پسپائی ہو رہی ہے امریکہ کے سابق صدر باراک اوبامہ نے بھی کہا ہے کہ بھارت نے اگر مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف کارروائیاں بند نہ کیں تو اسکا شیرازہ بکھرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ وہ بھارت کے ظلم و جبر کے سامنے ڈٹے ہوے ہیں اور شہداء کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔











