لاہور،سی سی پی او کا شہر کے مختلف علاقوں میں نویں محرم کی مجالس و جلوسوں کے روٹس کا دورہ ،سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی معائنہ

9

لاہور،28جولائی ( اے پی پی ): سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے صوبائی دارالحکومت کی مختلف علاقوں میں ہونے والے نویں محرم کی مجالس و جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا ، قصربتول شادمان اور پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ کے مرکزی عزاداری جلوس کا جائزہ لیا اور سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔

 اس موقع پر بلال صدیق کمیانہ نے امن کمیٹی کے ممبران اور منتظمین جلوس سے ملاقات اور سکیورٹی امور بارے تبادلہ خیال کیا۔ سی سی پی او کو منتظمین نے عزاداری جلوسوں کے حوالے سے پابندی وقت کی مکمل یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے بتایاکہ جلوس کے شرکا ءکی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں اور خواتین عزاداروں کی سکیورٹی کیلئے لیڈیز اہلکارتعینات ہیں۔ جلوس کے شرکاءکو تین درجاتی حصار پر مبنی حفاظتی سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

بلال صدیق کمیانہ نے کہاکہ منتظمین جلوس، امن کمیٹیوں سمیت تمام مکاتب فکر کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ جلوس اپنے روایتی روٹس پر پرامن انداز میں رواں دواں ہیں، جلوسوں کے ساتھ ساتھ مجالس کے شرکاءکی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ کنٹرول رومز میں مجالس و جلوسوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے یہ بتایاکہ جلوس کے روٹ، ملحقہ عمارتوں سمیت تمام راستوں پر سکیورٹی عملہ بھرپورانداز کے ساتھ فرائض ادا کر رہا ہے۔

یوم عاشور کے مرکزی جلوس اور مجالس کے پر امن انعقاد کیلئے شیعہ اکابرین سمیت تمام مذہبی رہنماوں کی مشاورت سے ضروری اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں۔

سی سی پی او لاہور نے کہاکہ یوم عاشور پرامن کی فضا قائم رکھنا لاہور پولیس کی ذمہ داری ہے۔اس موقع پر ایس پی ماڈل ٹاون عمارہ شیرازی، ایس پی سٹی حمزہ امان اللہ اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔