مری؛ پناہ کیجانب سے دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے متعلق آگاہی کیلئے واک کا انعقاد

6

مری، 18 جولائی (اے پی پی ): ہر سال کی طرح اس سال بھی  پناہ نے دل  اور اس سے متعلقہ بیماریوں سے بچاؤ  کی آگائی کے لیے واک کی  ، یہ واک  پناہ کیجانب سے   مری میں  اکتیسویں سالانہ واک ہے۔

واک کی قیادت  پناہ کے صدر  میجر جنرل (ر) مسعود الرحمان کیانی نے کی ۔ مہمانوں میں پناہ کے ایگزیکٹو  سینئر وائس پریذیڈنٹ  ڈاکٹر عبدالقیوم اعوان،  سابق  ممبر صوبائی اسمبلی تحسین فواد،   وائس پریذیڈنٹ پناہ  کرنل رفیع، سابق کمشنر عبدلحفیظ  کے علاوہ پناہ کے ممبران، صحافیوں اور عوام کی  کثیر تعداد  نے واک میں شرکت کی۔  تقریب کی میزبانی پناہ کے جنرل سیکریٹری ثناہ اللہ گھمن نے کی۔

واک میں سکول کے بچوں نے پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر صحت سے متعلقہ  پیغامات لکھے تھے۔ مقامی اورملک بھر سے  آئے ہوئے  سیاحوں  کی  کثیر تعدادنے اس واک میں شرکت کی۔ بینڈ کی دھنوں میں لوگوں کا جوش اور جذبہ دیدنی تھا۔ واک  جی پی اوسے کنعان چوک اور وہاں سے واپس  جی پی او چوک  تک ہوئی۔

 میجر جنرل مسعود الرحمن کیانی، ڈاکٹر عبد القیوم اعوان، کرنل اعجاز احمد رفیع ا ور  ثناء اللہ گھمن نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ  پناہ عوام الناس میں دل کی بیماریوں کے بارے میں شعور اُجاگر کرنے کے لئے مختلف اداروں، یونیورسٹیوں اور کالجز میں سیمینارز اور فری سی پی آرٹرینگز منعقد کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پناہ قانون ساز اداروں کے ساتھ مل کر ایسے قوانین بنوانے کے لیے بھی کام کر رہا ہے جس سے دل اور اس سے متعلقہ بیماریوں میں کمی آ سکے۔

انہوں نے کہا کہ  پناہ ہر سال مری میں ایک واک کا انعقاد کرتا ہے کیونکہ مری میں گرمیوں میں پورے پاکستان سے لوگ آتے ہیں تو اس طرح پناہ کا پیغام پورے پاکستان میں جاتا ہے۔

واک کے آخر میں بچوں، خواتین اور دیگر شرکاء کو قرعہ اندازی کے زریعے انعامات بھی دیے گئے۔    واک دن 1 بجے اختتام پذیر ہوئی۔

آخر میں ثناہ اللہ گھمن نے مری کی انتظامیہ،  سول اور ٹریفک پولیس، سٹیشن ہیڈ کوارٹرز، تاجر برادری،   اور پولیس بینڈکا بھر پور تعاون کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا  اور کہا کہ ہم اُمید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی ہر سال اسی طرح پناہ کا پیغام دُنیا تک پہنچانے میں اُن کا تعاون جاری رہے گا۔