ملتان، 16 جولائی(اے پی پی):دریا چناب کنارے تصاویر بناتے ہوئے پاؤں پھسلنے سے ایک بچی دریا میں ڈوب گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق ایک کال موصول ہوئی کہ ایک بچی سدرہ ولد محمد اسحاق عمر بارہ سال دریا چناب کے کنارے تصاویر بنا رہی تھی کہ اچانک پاؤں پھسلنے سے دریا میں گر گئی، ریسکیو کنٹرول روم نے اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پر قریبی ریسکیو ایمبولینس ، ریسکیو ٹیمیں بھیجوا دیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر بتایا کہ موقع پر موجود لوگوں کے مطابق تصاویر بناتے وقت بچی دریا میں ڈوب گئی ہے اور اسے تلاش کرنے کیلئے آپریشن شروع کردیا گیا ہے، واقع کی اطلاع 15 پر پولیس کو کر دی گئی، مقامی پولیس موقع پر موجود ہے، گزشتہ رات اندھیرا زیادہ ہونے کی وجہ سے آپریشن روک دیا گیا تھا۔
ریسکیو اہلکاروں نے آج صبح دوبارہ آپریشن کا آغاز کیا اور کشتی کے ذریعے لاش کی تلاش جاری ہے جبکہ ملتان سے مزید واٹر ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہیں۔
ریسکیو حکام نے کہا کہ لاش کی تلاش تک آپریشن جاری رہے گا۔











