ملتان؛عید الاضحیٰ پر ڈویژن بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات کئے گئے،کمشنر

15

ملتان، یکم جولائی(اے پی پی):کمشنر عامر خٹک نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ پر ڈویژن بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں، شہریوں کی جانب سے صفائی انتظامات پر اطمینان کا اظہار ، ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، میونسپل کمیٹیوں کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اور انکی ٹیم ڈویژن بھر میں شہریوں کی خدمت کیلئے ڈیوٹی پر موجود رہی، شہریوں سے وعدہ کیا تھا کہ اس عید پر واضح تبدیلی نظر آئے گی جو الحمدللہ پورا کیا، تمام محکموں کی عید عوام کی خدمت میں گزری۔ٹال فری نمبر، سوشل میڈیا، کنٹرول رومز، وٹس ایپ نمبروں پر موصول تمام شکایات کو حل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ واسا، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، میپکو کا ڈی سی آفس میں کنٹرول روم قائم کیاگیا ہے۔

عید کے پہلے روز علی الصبح کمشنر انجینئر عامر خٹک سینٹری ورکرز کی حوصلہ افزائی کیلئے فیلڈ میں رہے۔انہوں نے ورکرز سے ملاقات کی اور عید کی مبارکباد دی۔انہوں نے صفائی کیمپس اور ٹرانسفر سٹیشنوں کا معائنہ کیا۔

کمشنر انجینئر عامر خٹک نے عید کے تینوں روز شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا جبکہ جلال پور پیر والا،شجاع آباد بھی گئے۔انہوں نے شہریوں سے ملاقات کی اور انتظامات بارے دریافت کیا۔

 کمشنر عامر خٹک نے موقع پر احکامات دیتے ہوئے کہا کہ صفائی آپریشن کو مزید تیز کیا جائے۔بارشوں کے پیش نظر ہر صورت آلائشوں کو ٹھکانے لگایا جائے ۔آلائشوں کی  عارضی سٹوریج پوائنٹس منتقلی برق رفتاری کے ساتھ جاری رکھی جائے ۔آلائشوں کو لینڈ فل سائیٹ میں تلف کرنے  کاعمل بھی تیز کیا جائے۔

کمشنر عامر خٹک نے ڈویژن کے مختلف اضلاع کے بھی دورے کئے،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کنٹرول روم کےدورے کے موقع پر تفصیلی بریفنگ لی۔