ملتان، 25جولائی (اے پی پی ):سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب الطاف بلوچ نے گورنمنٹ ہوم اکنامکس کالج برائے خواتین ملتان میں پودا لگا کر میاواکی جنگل کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب الطاف بلوچ نے کہا کہ اس مہم کے دوران محکمہ ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیراہتمام جنوبی پنجاب کے 915 کالجز، تین تعلیمی بورڈز اور یونیورسٹیوں میں 5 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ماحولیاتی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ شجرکاری وقت کی ضرورت ہے۔
الطاف بلوچ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے کالجز کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے انتظامی افسران کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور طلباءکا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے اور کالجز میں طلباءاور اساتذہ ملکر زیادہ سے زیادہ شجرکاری کریں تاکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں مدد ملے۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری کی اس مہم میں سول سوسائٹی اور شہریوں کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔
سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب الطاف بلوچ نے کہا کہ میاواکی طرز پر شجر کاری پائیدار اور سود مند ہے جس سے ماحول کو خوشگوار بنانے میں مدد ملتی ہے۔
اس تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹریز ہائیر ایجوکیشن عطاءالحق اور طارق محمود، ڈائریکٹر و ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سمیت ہوم اکنامکس کالج کی پرنسپل، مختلف کالجز کے سربراہان، پروفیسرز اور اساتذہ بھی شریک تھے۔











