میر پور خاص،6 جولائی (اے پی پی): ضلع کونسل میرپورخاص کا پہلا تعارفی اجلاس ضلع کونسل ہال میں چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل میر انور علی ٹالپر کی صدارت میں منعقد ہوا ۔تعارفی اجلاس میں قرآن مجید کی بے حرمتی اور 9 مئی واقعات کے خلاف مذمتی قراردادیں پیش کی گئی۔
ضلع کونسل اراکین امتیاز علی ، جاوید جونیجو ، عظیمہ چانڈیو ، حاجی نور احمد چانڈیو اور دیگر اراکین نے کپاس کے مقرر کردہ نرخ پر کپاس خریدنے کیلئے کاٹن جننگ فیکٹریز کے مالکان کو پابند بنانے ، کھاد اور بیج میں ملاوٹ کرنے والے ڈیلروں کے خلاف کمیٹی تشکیل دے کر کارروائی عمل میں لانے ، ڈھورو پران ، قدرتی آبی گزرگاہوں سے ناجائز قبضہ جات ہٹانے ،نالوں کی صفائی ستھرائی کے کام کرنے ، تعلیم و صحت کی بہتری کیلئے اقدامات کرنے اور ضلعی ترقیاتی کاموں کو اجاگر کرنے کیلئے ویب سائٹ بنانے کے متعلق مسائل کی نشاندہی کی گئی۔
ضلع کونسل چیئرمین میر انور علی ٹالپر نے تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرپورخاص ضلع کونسل کے اراکین اور پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے دوسری مرتبہ ضلع کونسل میرپورخاص کا چیئرمین منتخب کیا ،ضلع کی بہتری ، ترقی و خوشحالی کیلئے بلا تفریق خدمت کرنے کی کوشش کرونگا کیونکہ عوام کی خدمت کو میں اپنا فرض سمجھتا ہوں اسلئے ضلع کونسل اراکین کو ساتھ لے کر چلوںگا ۔
انہوں نے کہا کہ میرپورخاص کے ترقیاتی کام بنا تفریق کروائے جائیں گے جس میں خاص طور پر صحت ، تعلیم پینے کے صاف پانی کے فراہمی کے کاموں کو اولین ترجیح دی جائے گی تاکہ عوام مستفید ہوسکیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کے ترقیاتی کاموں کی خاص گرانٹ کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ سے بات بھی کروں گا۔
انہوں نے ضلع کے نوجوانوں اور بچیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیمی میدان میں خود کو منوا کر میرپورخاص کا نام روشن کریں اور مذہبی رواداری کے فروغ کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریں ، کونسل کے اراکین اپنے اپنے علاقوں کی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کریں تاکہ عوام کے دیرینہ مسائل حل ہو سکیں، یہ ایوان قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے اور 9 مئی کے واقعات میں شر پسند عناصر کی جانب سے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی پر زور مذمت کرتا ہوں ہماری کوشش ہوگی کہ میرپورخاص کی عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات و فائدے پہنچائیں اور زیادہ سے زیادہ خدمت کی جائے ۔
اجلاس میں وائس چیئرمین ضلع کونسل میر احمد خان ٹالپر ، پی پی پی رہنماوں میر حسن دھونکائی ، عبدالسلام میمن ، میر علی رضا ٹالپر ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن ، ایس ایس پی کیپٹن ریٹائرڈ اسد علی چودھری ،چیف آفیسر ضلع کونسل سید آصف شاہ کے اراکین ضلع کونسل اور صحافیوں نے شرکت کی ۔











