وزیراعظم شہباز شریف سے کاپ 28 کے صدر  ڈاکٹر سلطان  الجابر کی قیادت میں وفد کی ملاقات، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

24

اسلام آباد،6جولائی(اے پی پی):پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔

جمعرات کو وزیراعظم محمد شہباز شریف سے کاپ 28 کے صدر اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق متحدہ عرب امارات کے خصوصی نمائندہ اور سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر ڈاکٹر سلطان احمد الجابر کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر  دونوں  ممالک کے درمیان پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کی ترقی کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔

 وزیراعظم محمد شہباز شریف اور کاپ 28 کے صدر اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق متحدہ عرب امارات کے خصوصی نمائندہ اور سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر ڈاکٹر سلطان احمد الجابر نے دستخط کی تقریب میں شرکت کی جبکہ سیکرٹری پاور ڈویژن راشد محمود لنگڑیال اور یو اے ای کی وزارت توانائی اور انفراسٹرکچر کے انڈر سیکرٹری شریف العلم نے اپنے اپنے ممالک کی جانب سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔

وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا اور ر ڈاکٹر سلطان احمد الجابر کی کاپ  28 کے طور پر صدر تعیناتی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اس اہم عالمی کانفرنس میں ان کی تعیناتی پر مکمل اعتماد ظاہر کیا۔

وزیراعظم نے کانفرنس کی کامیابی کیلئے متحدہ عرب امارات کی قیادت کیلئے نیک خواہشات کا پیغام بھیجا۔ یہ کانفرنس رواں سال 30 نومبر سے 12 دسمبر کے درمیان دبئی میں ہوگی۔ وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کے فروغ کیلئے متحدہ عرب امارات کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کاپ 28 کی کامیابی کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کی عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان میں گزشتہ سال تباہ کن سیلاب کے دوران تعاون پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔

 وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ میں کلیدی معاونت پر بھی متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔

 وزیراعظم نے وفد کو سپیشل انوسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل سے متعلق بھی آگاہ کیا جس کا مقصد مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے غیرملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے شمسی توانائی کے ایک ہزار میگاواٹ کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلات سے بھی آگاہ کیا جن سے متعلق روڈ شو دبئی میں منعقد کیا گیا تھا۔

 ڈاکٹر سلطان احمد الجابر نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کی جانب سے وزیراعظم کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے تمام شعبوں میں پاکستان میں شراکت داری  کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے پاکستان کے ساتھ قابل تجدید توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید بہتر بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کی قیادت کی ہدایات پر زور دیا جس سے پاکستان کے لیے توانائی کے تحفظ کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

معزز مہمان نے اس بات پر زور دیا کہ وہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی سے متعلق گفتگو میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتے ہیں اور انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کی سفارتکاری میں پاکستان کے فعال کردار کو سراہا۔

اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان، وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک،  وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سینئر حکام بھی موجود تھے۔