پاکستان اوراٹلی نے قرضہ کے تبادلہ کے معاہدہ (پی آئی ڈی ایس اے) کی مدت میں دسمبر2024 تک توسیع کردی

9

اسلام آباد،6جولائی (اے پی پی):پاکستان اوراٹلی نے قرضہ کے تبادلہ کے معاہدہ (پی آئی ڈی ایس اے) کی مدت میں دسمبر2024 تک توسیع کرنے پراتفاق کیاہے۔

اس سلسلہ میں جمعرات کویہاں پاکستان میں اٹلی کے سفیر اندریاس فیراریز اورسیکرٹری اقتصادی امورڈویژن نے خطوط کے تبادلے کے معاہدے پردستخط کردئیے۔معاہدے کے تحت توسیعی مدت کیلئے شرائط وضوابط 4 نومبر 2006 کو طے پانے والے معاہدے کے مطابق ہوں گے اوراس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائیگی۔

توسیعی مدت میں  قرضہ کے تبادلہ کے معاہدہ (پی آئی ڈی ایس اے)  کے باقی امورجیسے باقی ماندہ قرضہ کی منسوخی، جاری منصوبوں، اثاثوں کی منتقلی، پروگرام کا تجزیہ اورحتمی رپورٹ مکمل کی جائیگی۔دونوں ممالک کے درمیان 2006 میں طے پانے والے معاہدے پر2009 سے عمل درآمدکاآغازکیاگیاتھا، معاہدے کے مطابق اٹلی کوواجب الادا 100 ملین ڈالرکاقرضہ صحت، تعلیم، زراعت، ماحولیات، چھوٹے قرضوں، تخفیف غربت اوردیہی علاقوں میں بنیادی ڈھانچہ کے چھوٹے ترقیاتی منصوبوں پرخرچ کیا جائیگا۔اس پروگرام کے تحت اب تک 48 منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے جس میں سے 45 مکمل ہیں جبکہ تین پرعمل درآمد ہورہاہے۔

سیکرٹری اقتصادی امور نے معاہدے پراٹلی کی حکومت کاشکریہ اداکیا۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کومزید فروغ دینے کی ضرورت پربھی زوردیا۔