وزیر اطلاعات و بلدیات عامر میرکا وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ

53

لاہور، 5 جولائی(اے پی پی):  صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات عامر میر نے وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد لاہور  میں صبح سے جاری غیر معمولی بارش کےدوران اہم اور مصروف شاہرات پر نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ تھا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات کے ہمراہ صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ اظفر علی ناصر بھی موجود تھے۔ عامر میر نے سڑکوں پر مصروف عمل محکمہ بلدیات کے عملہ کو ہدایت کی کہ وہ مرکزی شاہرات اور نشیبی علاقوں سے بروقت نکاسی آب کو یقینی بنائیں تاکہ سڑکوں پر ٹریفک کی بحالی اور عام آدمی کے روز مرہ معمولات میں آسانی کو یقینی بنایا جا سکے۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ شہر بھر میں صبح سے اب تک 285 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوچکی ہے جو حالیہ سالوں میں جولائی کے پہلے ہفتے میں ہونے والی بارشوں میں سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے متواتر بارش کے دوران بھی مسلسل اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ٹریفک کی روانی کے لیے مصروف شاہرات سے نکاسی آب کا عمل مسلسل جاری ہے۔محکمانہ عملہ مکمل مشینری  کے ساتھ  تندہی سے اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے  بروقت خدمات کی فراہمی کے لیے تمام تر افرادی قوت بروئے کار لائی جا رہی ہے۔ عامر میر نے بارش کے دوران فیلڈ میں مسلسل فرائص سر انجام دینے والے عملہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں اسی تندہی کے ساتھ کام جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔