پتوکی ،24 جولائی(اے پی پی): بھارت کی جانب سے چھوڑا گیا سیلابی پانی کا ریلہ ہیڈبلوکی کے قریب دلو ملتانی پہنچ گیا ،دلو ملتانی کے قریب دریائے راوی کا سیلابی پانی فصلوں میں داخل ہونا شروع ہوگیا ہے جس کے باعث کئی ایکڑ فصلیں زیر آب آگئی ہیں ۔
ریسکیو کی ٹیموں نے دلو ملتانی کے ملحقہ علاقے سے 20کے قریب،مرد و خواتین اوربچوں کو ریسکیو کرکے محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے۔
انچارج ریسکیوپتوکی رابعہ خلیل کا کہنا ہے کہ ریسیکو1122 کے اہلکار حفاظتی سامان سمیت دلو ملتانی کے مقام پر ہائی الرٹ ہیں، عوام ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ریسکیو1122 ہیلپ لائن پر کال کرکے خدمات حاصل کریں۔
اے سی پتوکی رانا امجد محمودکا کہنا ہے کہ ہیڈ بلوکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ،سیلابی صورت حال نارمل ہے، ہیڈبلوکی کے مقام پر اس وقت پانی کی آمد 66725 کیوسک اور اخراج 41425 کیوسک ہے ،دلو ملتانی کے قریبی علاقہ میں سیلابی پانی داخل ہونے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہواتاہم فصلوں کوپہنچانے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جائے گا۔











