پشاور، 07 جولائی(اے پی پی): پی ڈی ایم جماعتوں کے زیر اہتمام قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف پشاور میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت پی پی پی خیبر پختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا نے کی ۔
سویڈن حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں پی ڈی ایم جماعتوں کے ہزاروں افراد نے شرکت کی، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور ان پر اس قابل مذمت اقدام اٹھانے کے خلاف مختلف الفاظ و نعرے درج تھے ،اس دوران سویڈن کا پرچم بھی نذر آتش کیا گیا۔
اس موقع پر محمد علی شاہ باچا نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن حکومت کے نفرت انگیز اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں کیونکہ اس نفرت و تعصّب پر مبنی حرکت نے مسلمانوں کے دلوں کو گہری چوٹ پہنچائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی ناقابل برداشت ہے تمام عالم اسلام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں،ایسے واقعات دنیا کے امن کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ حکومت اقوام متحدہ کے ذریعے اسلام مخالف پروپیگنڈہ روکنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔











