لاہور، 07جولائی(اے پی پی): نگران وزیر لائیوسٹاک ابراہیم حسن مراد کی زیرصدارت ایک فالواپ اجلاس کے دوران پنجاب سے میٹ ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے سپیشل اکنامک زون کے قیام میں مزید پیشرفت سامنے آئی ہے۔ سیکرٹری لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ مسعود انور، سیکرٹری بورڈ آف ریونیو، سی ای او پنجاب بورڈ آف ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ (پی بی ٹی آئی) اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر چولستان میں پچاس ہزار ایکڑ پر مشتمل سپیشل اکنامک زون کے قیام کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ چولستان کے علاقے کو میٹ ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے فوکس کیا جائے گا۔ بہاولپور سپیشل اکنامک زون میں گوشت اور ڈیری مصنوعات کا الگ پراسیسنگ سیکشن ہوگا جو پاکستان کا میٹ اینڈ ڈیری ایکپسورٹ کا پہلا خصوصی اقتصادی زون ہوگا۔ نگران صوبائی وزیر نے سی ای او پنجاب ٹریڈ بورڈ کو منصوبے کا مکمل پلان پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ پلان وزیراعلیٰ محسن نقوی کی منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔ ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ پنجاب بورڈ آف ریونیو اراضی کے انتقال میں پیچیدگیاں دور کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ میٹ اینڈ ڈیری ایکپسورٹ پراسیسنگ زون سے جہاں روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے وہاں بھاری مقدار میں قیمتی زرمبادلہ بھی کمایا جا سکے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب کے گوشت اور دودھ کی برآمدات کے پورے پوٹینشل کو بروئے کار لائیں گے۔











