ڈی جی خان ، قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے یوم عاشورہ حوالے سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی

9

ڈیرہ غازی خان ،28 جولائی(اے پی پی): ڈی جی خان ڈویژن میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے یوم عاشورہ کے حوالے سے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔

 پنجاب پولیس،رینجرز،پاک آرمی اور انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔اس حوالے سے جمعہ کے روز ڈپٹی کمشنر مہر شاہدزمان لک اور ڈی پی او حسن افضل کی زیر قیادت فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا،فلیگ مارچ میں پنجاب پولیس،ایلیٹ و ڈولفن فورسز سمیت دیگر سکیورٹی اداروں کے سٹاف،ریسکیو 1122،سول ڈیفنس،محکمہ صحت سمیت دیگر ڈیپارٹمنٹس کے افسران و سٹاف نے شرکت کی۔فلیگ مارچ پولیس لائن سے عاشورہ جلوس روٹس فوراہ،پاکستانی چوک،حیدریہ امام بارگاہ،غازی،کمہارانوالہ،اعوان چوک ودیگر علاقوں اور بلاکس سے گزرتا ہوا پولیس لائن اختتام پذیر ہو گیا۔

فلیگ مارچ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ یوم عاشورہ پر بھرپور اور منظم انداز میں سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے اورانتظامیہ نے سول سوسائٹی،ممبران امن کمیٹی اور جلوس آرگنائرز کیساتھ اقدامات کو یقینی بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوم عاشورہ پر پولیس ودیگر سکیورٹی فورسز کے ساتھ پاک آرمی،رینجرز کے جوان بھی اپنے فرائض انجام دینگے۔تحصیل لیول پر فلیگ مارچ سمیت دیگر انتظامات کو بھی اچھے انداز میں چلایا جارہا ہے،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فلیگ مارچ کامقصد شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے باہمی تعاون کو اجاگر کرنا ہے۔

اس موقع پر ڈی پی او حسن افضل نے کہا کہ محرم ایام کے دوران ضلع میں تین ہزار پولیس فورس تعینات کی گئی ہے،لائن فورسز کے ساتھ پاک آرمی اور رینجرز کا سٹاف بھی ہماری معاونت کریگا۔ڈی پی او نے کہا کہ کسی کو جلوس و مجالس کی کوریج کیلئے ڈراون اڑانے کی اجازت نہیں ہوگی،سکیورٹی تھریٹس کے باوجود بھی منظم انداز میں سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے فلیگ مارچ کے دوران جلوس منتظمین سے انتظامات بارے معلومات بھی لیں۔مارچ میں دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسد چانڈیہ،اسسٹنٹ کمشنر عثمان غنی،سی ڈی او خالد کریم قریشی،ڈی ای او احمد کمال سمیت دیگر افسران بھی شامل تھے۔