کمشنر سلوت سعید ،آر پی او ڈاکٹر محمد عابد خان کا دورہ چنیوٹ، محرم الحرام کے سلسلہ میں سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا

19

چنیوٹ، 20 جولائی(اے پی پی):  کمشنر فیصل آباد سلوت سعید،ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان نے ضلع چنیوٹ کا دورہ کیا اور  محرم الحرام کے سلسلہ میں سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔

کمشنر فیصل آباد سلوت سعید،ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان نے محرم الحرام کے حوالے سے میٹنگ  کی ۔ڈی پی او چنیوٹ اور ڈی سی چنیوٹ نے کمشنر فیصل آباد اور آرپی او فیصل آباد کو بریفنگ دی۔

اس موقع پر آرپی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان نے اظہار خیال کر تے ہو ئے کہا  تمام حساس جلوسوں کیلئے جامع سکیورٹی پلان مرتب کیا جائے۔جلوس کی برآمدگی سے قبل روٹس کی ٹیکنیکل کلینگ اور سویپنگ کروائی جائے، تجاوزات کو ہٹایا جائے، مناسب تعداد میں نفری تعینات کی جا ئے،واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈیٹیکٹرسے چیکنگ عمل میں لائی جائے ا ور جلوسوں کے منتشر ہونے تک پولیس جوان و افسران مستعدد اور چاک و چابند رہیں۔

بعد ازاں آرپی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان نے کمشنر فیصل آباد سلوت سعید کے ہمراہ محرم الحرام کے حوالے سے قائم کردہ کنٹرول اورجلوسوں کے روٹ  کےدورے  کیے۔

آرپی اوفیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان نے ہدایات جاری کر تے ہو ئے کہا کہ چھت ڈیوٹی کو یقینی بنایا جائے،جلوسوں کو متعدد وقت اور متیعنہ روٹس سے گزارا جائے تاکہ شرکاء اور اعزاء دار پر امن فضاء میں اپنی سر گرمیاں انجام دے سکیں۔خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاہم منتظمین جلوس اور اہم اکابرین سے قریبی روابط رکھتے ہوئے تمام کام خوش اسلوبی سے سرانجام دیئے جا ئیں،رات کے جلوسوں میں لائٹنگ کا مناسب انتظام کیا جائے،روٹس کی صفائی و ستھرائی قبل ازوقت کروائی جائے اور ایمر جنسی سروسز ریسکیو  1122،فائر بریگیڈ،بم ڈسپوزل سکواڈ کو ہمہ وقت تیار رکھا جائے۔

آرپی اوفیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان نے کہا کہ جلوس سے متعلق تمام پولیس افسران روابط میں رہیں تاکہ بہتر کوارڈینیشن سے امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے، سپروائزری پولیس افسران وقتا فوقتا ڈیوٹی کو چیک کریں،بریف کریں اور ڈیوٹی کی حساسیت اور اہمیت سے آگاہ کریں۔