لاہور، 5جولائی(اے پی پی): گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے پختون خواہ ملی عوامی پارٹی پنجاب کے صدر ایاز خان اچکزئی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب مبین خان مہمند نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ ملک کی سیاسی صورتحال اور پختون برادری کو درپیش مسائل پر گفتگو کی گئی۔ گورنر پنجاب نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی مخلصانہ کاوشوں کی بدولت ملگ کی معیشت سمیت دیگر شعبوں میں استحکام آ رہا ہے۔ پنجاب میں بسنے والے پختون برادری کے لوگ صوبے کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پختون برادری کے شناختی اور پاسپورٹ کے حصول کے متعلق مسائل متعلقہ محکموں تک پہنچاۓ جائیں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملکی تعمیر وترقی، دفاع وطن میں پختون برادری کا کردار قابل تحسین ہے۔ مبین خان مہمند نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے پر تشدد واقعات اور آرمی تنصیبات پر حملوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ایاز خان اچکزئی نے گورنر پنجاب کو آگاہ کیا کہ پختون برادری کے لوگوں کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ سے متعلق مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پختون برادری کے لوگوں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ سے متعلق مسائل حل کے لیے متعلقہ اداروں تک پہنچائے جائیں۔ وفد میں عبداللہ خان اچکزئی، بریال آغا, حاجی خالقداد ترین, گلاب خان, گل محمد ریگوال, تحصیل خان, رحمت خیل, صاحب نور اورخان قاسم خیل شامل تھے۔











