اوکاڑہ، آنے والے سموگ سیزن کے تناظرمیں انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی پنجابکا ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے لیے ایک اہم قدم

7

اوکاڑہ،27اگست (اے پی پی): آلودگی پھیلانے والے صنعتی یونٹس کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنانے کے لیےڈائریکٹر جنرل، انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی پنجاب ظہیر عباس ملک کی زیر صدارت  اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔جس کا مقصد پنجاب میں آلودگی پھیلانے والے صنعتی یونٹس کے خلاف سخت اقدامات کرنا تھا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ تاریخ میں پہلی بار ای پی اے آلودگی کے ہاٹ سپاٹ کی نگرانی کے لیے تھرمل سینسز سے لیس خصوصی ڈرون استعمال کرنے جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ EPA نے PITB کے ساتھ مل کر صنعتی سروے کے لیے “ECO-WATCH” ویب پر مبنی ایپ شروع کی ہے۔ انہوں نے آلودگی پھیلانے والے اداروں کے خلاف ایجنسی کی زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعادہ کیا اورتمام ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ وہ نئے نوٹیفائیڈ سموگ رولز 2023 کے تحت آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔اجلاس میں انسداد سموگ کی اہم حکمت عملی کے فیصلے کیے گئے جن میں اخراج کنٹرول سسٹم کے بغیر کام کرنے والے یا غیر معیاری ایندھن استعمال کرنے والے صنعتی یونٹس کو فوری طور پرروکنا، صرف زگ زیگ طریقہ کار پرچلنے والے اینٹوں کے بھٹوں کو کام کرنے کی اجازت ہوگی،دھول کو کم کرنے کے لیے سڑکوں پر چھڑکاؤ کے جھاڑو کے استعمال کی اجازت ہوگی،تمام سرکاری اور نجی تعمیراتی مقامات کو مناسب طریقے سے کور کیا جائے گا،آلودگی پر قابو پانے کے نظام کے بغیر کام کرنے والے سٹون کرشرز کا آپریشن روک دیا جائے گااجلاس کے شرکاء نے ایجنسی کی کوششوں کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا اور پنجاب کے شہریوں کے لیے ایک صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔اجلاس میں نسیم الرحمٰن ڈائریکٹر انوائرمنٹ لاہور،ڈاکٹر محمد یونس زاہد ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرمنٹ لاہور،مقصود ربانی بٹ ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرمنٹ ساہیوال، طارق جاوید اسسٹنٹ ڈائریکٹر انوائرمنٹ اوکاڑہ،صفدر علی اسسٹنٹ ڈائریکٹر انوائرمنٹ پاکپتن سمیت EPA فیلڈ فارمیشنز کےتمام اضلاع کے سربراہان اور EPA ہیڈکوارٹرزکے ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔