اوکاڑہ،05اگست(اے پی پی ):نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر یوم استحصال کشمیر کی مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوئی۔اس موقع پر سائرن بجایا گیا اور ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی،کشمیر اور پاکستان کے قومی ترآنے پیش کئے گئے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوکامران بشر ڈوگر اور اسسٹنٹ کمشنر غلام مصطفی جٹ نے یادگار شہداء پر پھولوں کی ریتھ بھی چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔
مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوکامران بشرڈوگر اور اسسٹنٹ کمشنر غلام مصطفی جٹ نے کہا ہے کہ آج ضلع بھر میں یوم استحصال کشمیر بھارت کے 5 اگست 2019 کے ظالمانہ اقدامات اور مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کو ختم کرنے کے غیر اخلاقی جواز کو پوری دنیا کے سامنے لانے کے لئے یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ کے عوام مقبوضہ کشمیر کے مظلوم لوگوں کے ساتھ ہیں ہم ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھیں گے،مظلوم کشمیر یوں کی اپنے حق خود ارادیت کے لئے قربانیاں رنگ لائیں گی اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرہ کو عملی تعبیر مل سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی ظالمانہ کاروائیوں سے کشمیریوں سے ان کی آزادی کا حق نہیں چھین سکتا۔کشمیریوں کو ان کی آزادی مل کر رہے گی پاکستانی قوم مظلوم کشمیریوں کی آواز ہے۔
پروگرام کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوکامران بشیر ڈوگر اور اسسٹنٹ کمشنر غلام مصطفی جٹ کی قیادت میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے آگاہی واک بھی کی گئی۔ واک کے شرکاء نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بینرز اور کتبے بھی اٹھا رکھے تھے۔
واک کے شرکاء نے کشمیریوں کے حق اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ واک ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہوئی اور اوکاڑہ آرٹس کونسل جا کر اختتام پذیر ہوئی۔واک میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران، صحافیوں، اساتذہ کرام، طالبعلموں، شہریوں، وکلا، عمائدین علاقہ اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔











