ملتان،05 اگست(اے پی پی ): جنت نظیر وادی کشمیر میں بھارتی حکومت اور فوج کی جانب سے جبری پابندیوں اور غیر انسانی سلوک کے چار سال مکمل ہونے پر نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں یومِ استحصال منایا گیا اور واک کا اہتمام کیا گیا۔
واک کی قیادت وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے کی جبکہ دیگر شرکاء میں اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر علی مہدی، پرنسپل کالج آف نرسنگ میڈم رخسانہ اور نرسنگ سپرنٹینڈنٹ میڈم سلمہ پروین سمیت ڈاکٹرز ، نرسسز اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔
نشتر ایڈمنسٹریشن بلاک سے شروع ہونے والی یہ واک نشتر ٹاور پر اختتام پذیر ہوئی۔ واک کے شرکاء کی جانب سے بھارتی ظلم و ستم اور کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے غیر آئینی اور غیر اخلاقی اقدام کو بینرز، پلے کارڈز کے ذریعے نمایاں کیا گیا تھا۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے شہداء کی عظیم قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور انکی سیاسی، اخلاقی اور انسانی ہمدردی کی فراہمی کی جدوجہد کے حوالے سے اپنی اور اپنے ادارے کی جانب سے غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔











