اٹک،15اگست(اے پی پی):سابق صوبائی وزیر سید یاور عباس بخاری کے بھائی اور پی ٹی آئی حلقہ پی پی ٹو کے فوکل پرسن سید خاور عباس بخاری نے تحریک انصاف کو چھوڑنے کا اعلان کر دیا ۔
المرتضیٰ ہائوس میں سابق ایم پی اے سید اعجاز بخاری کے ہمراہ سید خاور بخاری نے پر ہجوم پریس کانفرنس میں عمران خان اور تحریک انصاف سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی پرزور مذمت کرتا ہوں اور میرا مطالبہ ہے کہ ان واقعات میں ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا دینی چاہیے اور یہ فسادات غیر شرعی اور حرام تھے اور جن املاک کو نقصان پہنچایا گیا اس پر مظاہرین کو سخت سزا دینی چاہئے اور جنہوں نے منصوبہ بندی اور قیادت کی ہے انہیں بھی بے نقاب کر کے سزا دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ملک میں فسادات برپا کرنے کی کوشش کی گئی ہے، میں اور میرے چچا سابق ایم پی اے سید اعجاز بخاری تحریک انصاف سے لا تعلقی کا اعلان کرتے ہیں مزید پی ٹی آئی کے ساتھ چلنا ناممکن ہے ۔











