بھارت مقبوضہ کشمیر میں سنگین نوعیت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، وزیر اعظم کی مشیر برائے انسانی حقوق مشعال ملک

22

راولپنڈی۔26اگست  (اے پی پی):وزیر اعظم کی مشیر برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا ہے کہ  بھارت  مقبوضہ کشمیر  میں سنگین نوعیت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے ۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے دورے کے دوران گفتگو میں کیا۔  انہوں نے کہا  کہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل ہے جہاں لوگ کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں ، ہندوستان میں اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے ، مساجد شہید کی جارہی ہیں ، مسلمانوں پر بدترین تشدد کیا جارہا ہے۔  انہوں نے کہا کہ عیسائیوں کے گرجا گھروں کو جلایا گیا اور سکھوں کے گوردوارے بھی گرائے گئے، انہوں نے کہا انسانی حقوق میرے دل کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں ، چارج سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے اڈیالہ جیل کا دورہ کیا ہے جس کا مقصد یہاں قیدیوں کی دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینا ہے ۔  انہوں نے کہا عورتوں کی جیل میں صفائی ستھرائی سمیت دیگر چیزوں کو دیکھا ہے، یہاں زیادہ تر قیدی منشیات اور ڈکیتیوں کی ہیں، قیدیوں کو دی جانے والی تعلیم اور کھانے پینے کی اشیاء کا بھی جائزہ لیا ہے۔  انہوں نے کہا قیدیوں کو فیملی سے ملنے کے لئے ہفتے میں دو دن ہیں جو بھی قیدی کو ملنے کے لئے آتے ہیں اور چیزیں دیتے ہیں ان کی لسٹ بنائی جاتی ہے، جیل کے اندر اوپن جم بھی بنائے گئے ہیں۔