بھکر،25 اگست (اے پی پی): پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ بنیادوں پر مارکیٹوں میں نکلیں اور عوام الناس کو روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ سبزیاں،پھلوں اور دیگر اشیائے خوردونوش کی سرکاری تعین کردہ نرخوں میں دستیابی کو یقینی بنائیں علا وہ ازیں تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ضلع میں کسانوں کو کنٹرول ریٹس پر کھاد کی فراہمی یقینی بنائیں ۔
بوگس کارروائیوں سے کام نہیں چلے گا عوام الناس کو ہر ممکن ریلیف کی دستیابی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں مجسٹریٹس کی تمام تر کارروائیوں کو خصوصی طور پر مانیٹر کیا جائے گا اس سلسلہ میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کے جائزہ کے سلسلہ میں منعقدہ ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اسں موقع پر اے ڈی سی جی عباس رضا ناصر اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گراں فروشی کے خلاف بھی بھرپور انداز میں کریک ڈاون شروع کریں، مصنوعی مہنگائی کرنیوالے عناصر کے خلاف فوری ایف آئی آرز درج کروانے کیساتھ ساتھ بھاری جرمانے عائد کئے جائیں ،تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ بنیاد پر اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کریں ،ناقص کارکردگی کے حامل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے سخت باز پرس کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا کہ مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں ،ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز سخت ایکشن لیں۔
انہوں نے عوام الناس سے بھی اپیل کی کہ ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کی نشاندہی کریں ان کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا اس سلسلہ میں ڈی سی آفس کے کنٹرول روم نمبر 0453921082 پر اطلاع کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو تاکید کی کہ وہ اپنے متعلقہ ایریا میں نکلیں اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور عوام الناس کو مارکیٹ ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے میں موثر کردار ادا کریں اس ضمن میں زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کی جائے گی۔











