حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہونے کے فوراً بعد آئندہ عام انتخابات ہوں گے؛چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی

9

کراچی،19 اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ نئی مردم شماری کی بنیاد پر حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہونے کے فوراً بعد آئندہ عام انتخابات کرائے جائیں گے۔

 بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی مخلوط حکومت جو کہ تقریباً تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل تھی نے اس حوالے سے فیصلے کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلی مخلوط حکومت نے مشترکہ مفادات کی کونسل میں مردم شماری 2023 کی منظوری دی تھی،اب الیکشن کمیشن آف پاکستان مردم شماری کے تازہ اعداد و شمار پر حلقوں کی حد بندی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ جیسے ہی حلقہ بندی کی مشق مکمل ہوگی الیکشن کمیشن اگلے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے گا۔

چییرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ پارلیمنٹ کا ایوان بالا پاکستان کی تمام وفاقی اکائیوں کے نمائندہ کے طور پر موجود ہے اور یہ نگران حکومت کے دور میں ملک کے چاروں صوبوں کے حقوق کو یقینی بنانے کے لیے کام جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ ایک آئینی ادارہ ہے اور اس کے پاس انتظامی اختیار نہیں ہے لیکن سینیٹرز عوام کے نمائندے کی حیثیت سے ملک و قوم کے مسائل پر موثر انداز میں آواز اٹھا رہے ہیں جبکہ ایوان بالا کے چیئرمین کی حیثیت سے بھی وہ اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

صدر مملکت کے انتخاب سے متعلق سوال کے جواب میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اگرچہ موجودہ صدر کی مدت 9 ستمبر 2023 کو پوری ہو رہی ہے لیکن آئین میں سبکدوش ہونے والے صدر نئے صدر کے انتخاب تک برقرار رہ سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں عام انتخابات کے بعد صدارتی انتخاب کے لیے الیکٹورل کالج قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی تشکیل کے ساتھ وجود میں آئے گا اور اگلے صدر کا انتخاب بھی بعد میں کرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جمہوری ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور یہ آگے بڑھتا رہے گا اور حالات روز بروز بہتر ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وطن عزیز نے 77 سالوں میں ترقی کی ہے اور آگے روشن مستقبل ہے کیونکہ پاکستانی ایک پرعزم اور مضبوط قوم ہیں اور یہ انتہائی نامساعد حالات کا کامیابی سے مقابلہ کرے گا اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا۔

بلوچستان کے حوالے سے ایک اور سوال پر صادق سنجرانی نے کہا کہ بلوچستان کا رقبہ وسیع ہے اور صوبے بھر میں ترقیاتی کاموں کے لیے اربوں روپے درکار ہیں۔ صوبے میں بہت سے بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ متعدد منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں اور پیش رفت کا عمل درست سمت میں گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے مزید اقدامات اور وسائل کی ضرورت ہے۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ بلوچستان کو ہر فورم پر نمائندگی حاصل ہے اور صوبے کے منتخب نمائندے صوبے کے مسائل پر بھرپور آواز اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ صوبے سے نگراں وزیر اعظم کی نامزدگی ایک اور اقدام ہے جو بلوچستان کی آبادی سے احساس محرومی کو دور کرنے میں مدد کرے گا۔