وہاڑی،24اگست(اے پی پی):دریائے ستلج میں پانی کی سطح مزید بلند ہونے سے ضلع وہاڑی میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے، ہیڈ ورکس اسلام پر پانی کا اخراج 83 ہزار 326 کیوسک جبکہ میلسی سائفن ہیڈورکس پر پانی کا اخراج 59 ہزار685 کیوسک ہے، ضلع وہاڑی کی متعدد بستیاں مکمل زیر آب آگئی ہیں۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنرسید آصف حسین شاہ نے کہا کہ 90 فیصد لوگ محفوظ مقامات پر منتقل کر دیئے گئے ہیں، ضلع میں 13 مقامات پر ریسکیو آپریشن جاری ہے،105 ریسکیوورز فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن میں 4408 افراد محفوظ مقامات پر منتقل کئے گئے ہیں، 1529 جانوروں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے جبکہ 4568 افراد کو ٹرانسپورٹیشن کی سہولت دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جملیرا، ماجھی والا، ساہوکا، موضع بھٹیاں،فاروق آباد ،لکھا، مہر آباد،کھچی والا، ہیڈ اسلام، کالیا شاہ، موضع سائفن، فتح پور اور قطب پور میں بھی ریسکیو آپریشن جاری ہے ،26 کشتیاں ریسکیو آپریشن میں استعمال کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریسکیور خندہ پیشانی اور خوش اخلاقی سے انسانی خدمت میں مصروف ہیں۔











