کوئٹہ 24 اگست (اے پی پی ): نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہاکہ بلوچستان کی قیمتی معدنیات ملک اور صوبے کے معاشی مستقبل کی ضامن ہیں,سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول دیکر انکا اعتماد مستحکم کرنا ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ معدنیات و معدنی ترقی کے محکمانہ امور کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔سیکریٹری محکمہ معدنیات سیدال خان لونی نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان کے معدنی شعبہ میں جلد اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری متوقع ہے دوست ممالک کے ساتھ سرمایہ کاری کے مزید معاہدوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے جبکہ اجلاس کو معاہدوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان کی قیمتی معدنیات ملک اور صوبے کے معاشی مستقبل کی ضامن ہیں اور معدنی شعبہ میں سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے موثر سٹریٹیجی اپنانے کی ضرورت ہے۔
نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ دنیا بھر کی نظریں بلوچستان کے وسائل پر مرکوز ہیں جہاں ریکوڈک کی طرح مزید معدنی ذخائر بھی ہیں جنہیں دنیا کے سامنے لانے کی ضرورت ہے، سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول دیکر انکا اعتماد مستحکم کرنا ہو گا اور کہا کہ ریکو ڈک معاہدے سے مزید سرمایہ کار بھی بلوچستان کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں معدنی معاہدوں میں صرف رائلٹی نہیں بلکہ ریکوڈک کی طرح شراکت داری کی طرف جایا جائےاور معاہدوں میں مقامی آبادی، ملک اور صوبے کے مفادات کاتحفظ یقینی بنا یا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیندک معاہدے میں مزید بہتری کی گنجائش ہے جس کا فائدہ بلوچستان کو پہنچے،نگران وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ معدنیات کی تلاش و ترقی کے مصدقہ ڈیٹا کے حصول کے لئے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں اور محکمہ معدنیات کو سٹریکچرل ریفارمزکے ذریعے عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔
اجلاس میں نگران مشیر معدنیات عمیر محمد حسنی ،چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان شعبہ معدنیات کی ترقی کے لئے قائم کمپنیوں بی ایم ای سی اور بی ایم آر ایل کے مینجنگ ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔











