سوامی وچار پرانانند جی مہاراج 4روزہ دورے پر پاکستان  پہنچ گئے

8

کراچی،18 اگست (اے پی پی):بزرگ ہندو سنت شری سوامی وچار پرانانند جی مہاراج وفد کے ہمراہ پاکستان کے 4روزہ دورے پر جمعہ کو کراچی پہنچ گئے ہیں۔چیئرمین وزیراعظم ٹاسک فورس آن گندھارا ٹورازم ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے پیروکاروں کے ہمراہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پہنچنے پر معزز ہندو سنت کا استقبال کیا۔

بھارت سے آنے والے وفد کے اعزاز میں آنند پور آشرم میں استقبالیہ کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔اپنے دورے کے دوران، شری سوامی وچار پرانانند جی مہاراج 19، 20اور 21اگست کو آنند پور آشرم میں  آرتی پوجا اورمختلف اجتماعات میں شرکت کے بعد متحدہ عرب امارات کے لیے روانہ ہوں گے۔

گزشتہ ماہ جولائی میں بین الاقوامی گندھارا سمپوزیم میں شرکت کے لیے بین الاقوامی بدھ بھکشوں کی آمد کے بعد ہندو وفود کی آمد کو حکومت پاکستان کے مذہبی سیاحت خاص طور پر ملک میں گندھارا سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کے حصے کے طور پر ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہاہے۔پاکستان میں کئی صدیوں پرانے بدھ مت کے آثار موجود ہیںجبکہ تاریخی اہمیت کے حامل نوادرات جو عجائب گھروں میں محفوظ ہیں، دنیا بھر سے خاص طور پر مشرق بعید اور جنوب مشرقی ایشیا کے ہزاروں سیاحوں کو راغب کرنے کی بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں۔اس اقدام میں پاکستان کے بڑے عجائب گھروں میں گوتم بدھ سے منسوب تاریخی نوادرات کی نمائشوں کا انعقاد اور ملک بھر کی 240 سے زائد یونیورسٹیوں میں گندھارا تہذیب پر تحقیق کی حوصلہ افزائی بھی شامل ہے۔