سکھر،15 اگست (اے پی پی):سکھر میں مقتول صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے جبکہ سکھر میں احتجاجی دھرنا بھی دیا گیا ۔ گزشتہ روز سکھر میں صحافی جان محمد مہر كو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا ، ان کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے سکھر سمیت سندھ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے جا رہے ہیں ۔
منگل کو سکھر پریس کلب کے زیر اہتمام صحافیوں نے سکھر پریس کلب سے ایس ایس پی آفس سکھر تک احتجاجی ریلی نکالی ۔ ریلی میں سینکڑوں افراد شریک ہوئے ۔ ریلی کے تمام شرکا نے ایس ایس پی آفس سکھر کے سامنے پہنچ کر دھرنا دیا ۔ دھرنے میں سکھر کے علاوہ کشمور ، كندھ کوٹ ، خیرپور ، گھوٹکی ، جیكب آباد ، ٹھل ، شکارپور اور دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
دوسری جانب سکھر بار ایسوسی ایشن اور ینگ ڈاکٹرز سمیت مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے بھی جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے احتجاج کیا گیا ۔











