پشاور، 24 اگست(اے پی پی): نگراں صوبائی وزیر برائے سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ، میوزیم اور محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر فیروز جمال کاکا خیل نے کہا ہے کہ پاکستان کا شمار دنیا کے بہترین سیاحتی ممالک میں ہوتا ہے۔ خیبر پختونخوا میں سیاحت کے شعبے سے مزید استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر بیرسٹر فیروز جمال کاکا خیل نے محمکہ سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ، میوزیم کے پہلے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا، جہاں اجلاس میں سیکرٹریٹ سیاحت کی جانب سے نگران وزیر کو بریفنگ بھی دی گئی۔
بریفنگ میں وزیر کو بتایا گیا کہ ڈیپارٹمنٹ میں کل 57 سکیمز جاری ہیں جن کا مجموعی بجٹ 60,469 ملین ہے، جبکہ ساتھ ہی سیکریٹری سیاحت نے نگران صوبائی وزیر کو مختلف سرکاری گیسٹ ہاؤسز کی آؤٹ سورسنگ کے بارے میں آگاہ کیا۔
بریفنگ کے دوران نگران صوبائی وزیر فیروز جمال کاکا خیل نے محکمہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سیاحتی مقامات پر بہترین سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ محکمہ سیاحت کو تاکید کرتے ہیں کہ وہ سیاحتی مقامات پر مزید کیمپنگ پوڈز لگائے۔











