سیالکوٹ؛ کمشنر نوید حیدر شیرازی کی شہید پولیس آفیسر شہزاد احمد چیمہ کی نماز جنازہ میں شرکت

28

سیالکوٹ، 16اگست (اے پی پی):کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی، ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ رینج ڈاکٹر حیدر اشرف، ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضیاء اللہ  نے  پولیس لائن سیالکوٹ میں شہید پولیس آفیسر شہزاد احمد چیمہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔

 کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ شہید زندہ ہے اور اللہ انہیں رزق دیتا  ہے، شہید کی موت قوم کی بقاء اور حیات کی ضامن ہے، پنجاب پولیس کے جوان عوام کے جان و مال کی حفاظت کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہید قوم و ملک کے محسن ہیں ان کے اہل خانہ کہ دیکھ بھال ریاست کی زمہ داری ہے۔

ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ ڈویژن ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ پولیس آفیسر کو شہید کرنے والے گینگ کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور جلد ان کہ گرفتاری عمل میں لا کرقانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی، ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ رینج ڈاکٹر حیدر اشرف، ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضیاء اللہ نے شہید آفسیر کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیا اور ان کیلئے صبر جمیل کی  خصوصی دعا کی۔