سیالکوٹ میں یوم استحصال کشمیر بھرپور قومی جذبے سے منایا گیا

22

سیالکوٹ،5اگست (اے پی پی):بھارتی حکومت کی جانب سے  مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے قانون کے خاتمہ کے خلاف ملک بھر کی طرح  ضلع سیالکوٹ میں بھی یوم استحصال کشمیر بھرپور قومی جذبے سے منایا گیا۔

ضلعی انتظامیہ سیالکوٹ کے زیر اہتمام مرکزی تقریب کچہری چوک میں ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن/اے ڈی سی ریونیو سیالکوٹ محمد اقبال کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ شرکاء نے کشمیر یوں سے پاکستان کے والہانہ رشتے اور عقیدت کا اظہار کیا۔ شرکاء ریلی نے کشمیر بنے گا  پاکستان اور کشمیریوں سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ   سمیت بھارتی حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔

 ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں کشمیریوں پر بھارتی ظلم وستم پر مہذب دنیا کو نوٹس لینے کے لئے پلے کارڈز ، کشمیری اور قومی جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کے آخر میں کشمیر کی آزادی اور ملک وقوم کی سلامتی اور استحکام کے لیے دعا  بھی کی گئی ۔

ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید اسد رضا کاظمی ، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ غلام سرور، سی او ایم سی ایس ملک اعجاز، سی ای او ایجوکیشن حافظ عبد الغفور، ڈی ای سیکنڈری ایجوکیشن ملک اللہ داد، کوآرڈینیٹر ضلعی امن کمیٹی حافظ اصغر علی چیمہ، حافظ شبیر آرائیں، پروفیسرزیبا ظہور، ڈی او ایمرجنسی انجینئر نوید اقبال، سپرنٹنڈنٹ ڈی سی کمپلیکس انور کاہلوں، انچارج وومن کرائسسز سنٹر عمران کسانہ کے علاوہ کثیر تعداد میں اساتذہ، پروفیسرز، میونسپل کارپوریشن کے افسران اور ریسکیو 1122کے جوانوں سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور طالب علموں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔