شمالی وزیرستان؛یوم آزادی کے حوالے سے پشتو ادبی کانفرنس اور قومی آرٹ کی نمائشی تقریب کا انعقاد

21

شمالی  وزیرستان،13 اگست(اے پی پی ):شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے تعاون سے پہلی بار یوم آزادی کے حوالے سے پشتو ادبی کانفرنس اور قومی آرٹ کی نمائشی تقریب کا انعقادکیا  گیا۔  جسمیں جی او سی سیون ڈویژن میجر جنرل نعیم اختر بطورِ مہمان خصوصی شریک ہوئے ، دو دن کے اس نمائشی کانفرنس میں 26 شرکاء نے پشتو موسیقی ، پشتو شعر و شاعری سمیت خٹک ڈانس بھی پیش کیا گیا، جس کو قبائلی عوام نے کافی سراہا ۔

 کانفرنس کے اختتام پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کانفرنس کے چیف آرگنائزر اباسین یوسفزئی نے کہا کہ شمالی وزیرستان کا امن لوٹ آنا یہاں کے عوام کا اپنی فورسز پر بھرپور اعتماد اور ان کا ساتھ دینے کا نتیجہ ہے، کسی بھی ملک میں فورسز جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہوتی ہیں  جبکہ شعراء ادیب اپنے فن کے ذریعے لوگوں میں شغور بیدار کرکے نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں اس لئے فورسز اور شعراء کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔

 اس موقع پر کانفرنس کے مہمان خصوصی جی او سی سیون ڈویژن میجر جنرل نعیم اختر نے کہا کہ شعراء اور ادیبوں کا معاشرے کی اصلاح میں اہم رول ہوتا ہے جس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے شمالی وزیرستان کے شعراء اور فنکاروں کیلئے علمی دورے اور ظفر خان ظفر کیلئے نقد انعام کیساتھ ساتھ ان کے فری علاج کروانے کا بھی اعلان کیا۔

آخر میں تمام شعراء اور فنکاروں میں ان کے حوصلہ افزائی کیلئے شیلڈ اور نقد انعامات بھی پیش کئے ۔