صوفی شاعر حضرت بابا بلھے شاہ ؒ کے 266 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیر

33

قصور،28اگست (اے پی پی): برصغیر کے معروف صوفی شاعر حضرت بابا بلھے شاہ ؒ کے 266 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات گزشتہ رات 12بجے اختتامی دعا کے ساتھ ہی ختم ہوگئیں ،تاہم بابا جی کے عقیدت مندوں کا ملک کے کونے کونے سے دربار پر آمد کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔

عرس کے موقع پر بابابلھے شاہؒ کی تعلیمات اور شاعری کے ماننے والوں نے دربار پر حاضر ہو کر قرآن خوانی،پھول پوشی اور ڈھول کی تھاپ پر چادریں چڑھا کر اپنی محبت عقیدت کا اظہار کیا۔

دربار پر ملک بھر سے آئے قوالوں نے بلھے شاہ کا کلام پڑھا جبکہ ملک کے طول وعرض سے آئے بابا جی کے ملنگ کلام پر اور ڈھول کی تھاپ پر جھوم اور دھمال ڈال کر اپنی محبت کا ثبوت دینے میں مگن رہے۔

اس موقع پرڈی پی اوقصور طارق عزیزسندھواورایس ایچ اوتھانہ اے ڈویژن قصور افتخاراحمدجوئیہ کی طرف سے عرس کے موقع پرسیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔ زائرین کو واک تھرو گیٹس سے گزارنے کے ساتھ میٹل ڈیٹکٹر کا استعمال کیا گیا اور عرس کے ایونٹ کی نگرانی کیلئے سی ٹی وی کیمرے لگا کر ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا تھا۔

عرس کے پہلے روز نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور چیف سیکرٹری،آرپی اوشیخوپورہ ریجن،ڈپٹی کمشنرقصور،ڈی پی اوقصور سمیت مختلف اعلیٰ افسران نے بھی دربار پر حاضری دی اور چار چڑھائی۔