ڈیرہ غازی خان،05 اگست(اے پی پی):ایمپلائیز ایسوسی ایشن غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان کے صدر ملک فرخ وسیم کوریہ نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کی ساکھ کو خراب کرنے والے منفی عناصر کبھی کامیاب نہیں ہونگے،ادارے ملازمین کے لئے ماں کی حیثیت رکھتے ہیں، ان پر لازم ہے کہ وہ اپنے اداروں کا ہر پلیٹ فارم پرتحفظ کریں۔
ہفتہ کو غازی یونیورسٹی ایمپلائز ایسوسی ایشن نے میڈیا نمائندگان کے سامنے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے نائب صدر طارق کھوسہ اور دیگر ملازمین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر چند منفی عناصر اپنے ذاتی مفادات اور یونیورسٹی کی ساکھ کو خراب کرنے کی غرض سے بے بنیاد باتوں کو پھیلا رہے ہیں، جن کی پر زور مذمت کی جاتی ہے، غازی یونیورسٹی اس علاقے کے لوگوں کے لیے ایک ماں کی حیثیت رکھتی ہے اور ایسے منفی عناصر اپنے ادارے کے حوالے سے غلط پروپیگنڈہ کرتے ہیں جو باعث شرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ غازی یونیورسٹی اپنے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کی زیر قیادت ترقی کی منازل طے کر رہی ہے، ایک انتہائی پر امن ماحول میں طلباء و طالبات اپنی تدریس و تحقیق کے عوامل کو جاری رکھے ہوئے ہیں، یونیورسٹی کے تمام ترقیاتی منصوبہ جات تکمیل کی طرف گامزن ہیں اور نیو کیمپس میں ماڈل زرعی فارم تیار ہوچکا ہے جس میں مختلف انواع کے پھل، سبزیاں اور فصلیں تحقیق اور پیداوار کے نقطہ نظر سے کاشت کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے مسائل پر قابو پانے لے لیے سولر انرجی سسٹم پر کام چل رہا ہے، جدت سے ہم آہنگ نئے ڈگری پروگرام کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے لوگوں کا غازی یونیورسٹی اور اس کے ماحول پر مکمل اعتماد ہے۔ چند شر پسند عناصر اس مقدس تعلیمی ادارے کو بدنام کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔











