قصور،24اگست(اے پی پی نیوز):دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال و انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی وزیر ہائیر ایجو کیشن و سکول ڈیپارٹمنٹ منصور قادر نے گنڈا سنگھ تلوار پوسٹ کا دورہ کیا ۔
صوبائی وزیر نے کمال پورہ، حاکو والا بند، رجی والا سمیت دیگر دیہاتوں میں بھی سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا علاوہ ازیں صوبائی وزیر پنجاب نے سیلابی صورتحال‘ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیا‘ ڈپٹی کمشنر قصورمحمد ارشد بھٹی نے سیلابی صورتحال و ریلیف کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنرقصورمحمدارشدبھٹی نے بریفنگ میں بتایا کہ قصور دریائے ستلج میں پانی کا بہاو 1لاکھ 15ہزار کیوسک ہے۔
صوبائی وزیر نے تلوار پوسٹ پر قائم ریلیف کیمپس میں سہولیات کا جائزہ لیااور موبائل ہسپتال میں طبی سہولیات کوچیک کیا‘ صوبائی وزیر نے گورنمنٹ ہائی سکول شیخ پورہ نو میں قائم ریلیف کیمپ کا دورہ کر کے وہاں پر سہولیات کا معائنہ کیا ، ریلیف کیمپ میں مقیم سیلاب متاثرین سے ملاقات اور سہولیات بارے دریافت کیا‘ ریلیف کیمپ میں بہترین انتظامات کرنے پر ڈپٹی کمشنر اور انکی ٹیم کو شاباش دی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن و سکول ڈیپارٹمنٹ منصور قادرنے کہا کہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کر رہی ہے‘ ریلیف کیمپ میں متاثرین کو کھانا، پینے کے پانی اور طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ریلیف کیمپس میں تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔











