نوشہرہ ورکاں، 24 اگست ( اے پی پی): اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نخبہ صبغت اللہ نے 24 یونین کونسلوں میں اب گاؤں چمکیں گے پروگرام کا افتتاح کر دیا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نوشہرہ ورکاں نخبہ صبغت اللہ نے یونین کونسل گرمولہ ورکاں پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لیا اور اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر کی آمد پر سیکرٹریز سے مل کر انکا استقبال بھی کیا۔
یونین کونسل گرمولہ کے ہال میں تقریب کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں محمد نوید حیدر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نخبہ صبغت اللہ نے بتایا کہ اب گاؤں چمکیں گے پروگرام کے تحت تمام یونین کونسلوں کے انڈر دیہات میں صفائی ستھرائی اور ماحول کی بہتری کے لیے ہر گاؤں میں تین سینٹری ورکر بھرتی ہونگے اور فنانشلی نظام کے لیے پانچ رکنی کمیٹیز بنیں گیں اور ہر گھر سے 50 روپے ہر دوکان سے 200 روپے اور قریبی پٹرول پمپ سے فی کس 1000 روپے ماہوار وصول کیے جائیں گے اور سیکرٹریز یونین کونسلز تمام امور کی نگرانی اور مشاورت رکھیں گے۔
اس موقع پر ڈینگی مچھر سے بچاؤ اور حفاظتی انتظامات بارے آگاہی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نخبہ صبغت اللہ کی قیادت میں یونین کونسل آفس سے روڈ تک واک کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر کا کہنا تھا پنجاب حکومت کی جانب سے دیہات کے لیے اب گاؤں چمکیں گے پروگرام کی کامیابی کے عوام کا تعاون بنیاد بنے گا اور تمام یونین کونسلوں میں سٹاف کی حاضری ممکنہ ہونی چاہیے۔
24 یونین کونسلوں پر مشتمل افتتاحی تقریب کا گرمولہ یونین کونسل میں سیکرٹری رانا تنویر احمد نے افتتاح کیا اور تمام یونین کونسلوں کے سیکرٹری اور کلرک تقریب میں شریک تھے۔











