قصور، 25اگست(اے پی پی نیوز): پاک وہند کے معروف صوفی بزرگ حضرت بابا بلھے شاہ رحمة اللہ علیہ کے 266ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے ۔
ڈپٹی کمشنرقصور محمد ارشد بھٹی اور ڈی پی او قصورطارق عزیز سندھو نے عرس مبارک کی تقریب کا افتتاح مزار اقدس کو غسل دے کر کیا۔ مزار حضرت بابا بلھے شاہؒ کو کئی من عر ق گلاب سے غسل دیا گیا جبکہ صندل و دیگر عطریات سے معطر کیا گیا۔
ملک و قوم کی ترقی وسلامتی،قدرتی آفات و بیماریوں سے بچاو کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر قصوراور ڈی پی او قصورنے دربار شریف پر کئے گئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پرڈپٹی کمشرقصورمحمدارشد بھٹی نے کہاکہ عرس پر آنیوالے زائرین کیلئے تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ بابا بلھے شاہؒ جیسی ہستیوں کے در پر حاضری نصیب کی بات ہے۔ ڈپٹی کمشنر قصورنے کہاکہ بابا بلھے شاہؒ سے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دوسرے مذاہب کے لوگ بھی عقیدت رکھتے ہیں۔ اولیا ءکا فیضان ہے کہ ہم سانس لے رہے ہیں۔
ڈی سی قصورنے کہاکہ اولیا ءاللہ کے مزارات سے روحانی و قلبی سکون ملتا ہے۔ بابا بلھے شاہؒ نے رنگ و نسل سے بالا تر ہو کر رواداری، اخوت اور انسان دوستی کا پیغام دیا ہے۔











