قصور،28اگست (اے پی پی ): آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات کی روشنی میں ضلع قصور میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون اور منشیات کے عادی افراد کی بحالی کا سلسلہ جاری ہے ۔
ڈی پی اوقصور طارق عزیزسندھونے ”اے پی پی “کوبتایا کہ گزشتہ تین دن کے دوران منشیات فروشوں پر325چھاپے مارے گئے اور72بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔ملزمان کے قبضہ سے 72 کلوگرام سے زائد چرس،1600 لیٹر سے زائد شراب برآمد اورمقدمات درج کئے گئے۔
ڈی پی اوقصورنے بتایا کہ قصورپولیس منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون کیساتھ ساتھ منشیات کے عادی افراد کی صحت یابی کیلئے سرگرم ہے‘ ضلع بھر سے پولیس کی ٹیمیں منشیات کے عادی افراد کو تلاش کرکے سلون سے کٹنگ کروا کر اچھی حالت میں ہسپتال منتقل کر رہی ہے۔
گزشتہ تین دن کے دوران ضلع بھر کے مختلف مقامات سے124منشیات کے عادی افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قصور سرکل افسران اور ایس ایچ اوز منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے ہسپتالوںکا دورہ کر رہے ہیں اور بہترین علاج اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔
ڈی پی اوقصورنے بتایا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی خصوصی ہدایات پرضلع کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے پولیس دن رات کوشاں ہے۔











