مسیحی برادری کے جان ومال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، جڑانوالہ سانحہ کے ذمہ داروں کو کیفرکردار  تک پہنچائیں گے؛ نگران وزیراعلیٰ  محسن نقوی

28

لاہور،18اگست (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی  نے کہا ہے کہ جڑانوالہ واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، دین اسلام اورنبی پاک کی تعلیمات کی روشنی میں اقلیتوں کے حقوق پر جمعتہ المبارک کے خطبات دیئے گئے، قائداعظم  کے پاکستان میں ایسے افسوسناک واقعات کی کوئی گنجائش نہیں، ہم نے سب کے ساتھ ملکر ایسے و اقعات کی مستقل روک تھام کیلئے جامع پالیسی مرتب کرنی ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسیحی برادری کے رہنماؤں  کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا  جنہوں نے وزیراعلیٰ آفس میں  محسن نقوی سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب  نے کہا   کہ پوری کوشش ہے کہ گرجاگھروں کو جلدازجلد اصل حالت میں بحال کیا جائے۔تباہ ہونے والے گھروں کے نقصان کا تخمینہ لگایا جارہاہے، متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد دی جائیگی۔یہ ایک بڑا سانحہ ہے،شواہد مل گئے ہیں اورویڈیوز بھی،شرپسندوں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔سانحہ کے ذمہ دار قانون سے نہیں بچ سکیں گے۔

نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ جڑانوالہ سانحہ کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لئے جہاں تک ممکن ہو سکا جائیں گے،مسیحی برادری کے جان ومال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے،اس دلخراش واقعہ کو بھول نہیں سکتے،مستقبل میں ایسے سانحہ کو روکنے کیلئے سب کو ملکر موثر اقدامات کرنا ہوں گے،تعلیمی نصاب میں رواداری کاعوامی شعور بیدار کرنے کیلئے ترامیم ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علما کرام نے جڑانوالہ واقعات کی بھرپور مذمت کی ہے،مسیحی  خاندانوں کے تحفظ اور گرجا گھروں کی بحالی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے،ملک ہمارا ہے،جڑانوالہ واقعہ کی صورت میں جو دھبہ لگا اس کو مل کر مٹانا ہے۔

آئی جی پنجاب اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم نے جڑانوالہ کے واقعہ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اقلیتی رہنماؤں نے جڑانوالہ واقعات کے متعلق اظہار خیال کیا۔

وفد میں سینیٹر کامران مائیکل،بشپ آزاد مارشل،سابق ایم پی اے شکیل مارکس کھوکھر، شہزاد گل،پاسٹرجمیل ناصر،کرنل میکڈونلڈ چندی،پاسٹر انور فضل،پاسٹر وسیم اللہ کھوکھر،بشپ سبسٹین شاہ اوردیگر شامل تھے جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اوقاف،سیکرٹری انسانی حقوق واقلیتی امور،متعلقہ حکام اور ندیم رضابھی اس موقع پر موجود تھے۔