ملتان؛جنوبی پنجاب میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے ڈائیلاگ کا انعقاد

31

ملتان،24اگست(اے پی پی):جنوبی پنجاب میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ،اقوام متحدہ اور ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کےاشتراک سے ڈائیلاگ کا انعقاد کیا گیا۔ان ڈائیلاگ کے نتیجے میں جنوبی پنجاب میں فوڈ سیکیورٹی،یوتھ ایمپلائمنٹ،پینے کے پانی اورسیوریج کی سہولیات کی فراہمی،صنفی مساوات اور انسداد تشدد خواتین بارے سفارشات تیار کی جائیں گی۔ ڈائیلاگ میں سول سوسائٹی، پبلک و پرائیوٹ سیکٹرز کے نمائندہ افراد، انٹرنیشنل پارٹنرز، بزنس کمیونٹی، مذہبی سکالرز اور یونیورسٹی طلباء  نے شرکت کی۔سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب امجد شعیب خان ترین،اقوام متحدہ کے پاکستان میں ریذیڈنٹ کوآرڈنیٹر جولین ہارنس، اقوام متحدہ پاکستان کےنمائندے شاہ ناصر خان، لیلیٰ رباب جسکانی، صدر ملتان چیمبر آف کامرس میاں راشد اقبال اور سیکرٹری جنرل محمد شفیق نے بھی ڈائیلاگ میں شرکت کی۔ سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب امجد شعیب خان ترین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کا ہر فرد اس خطے کا سفیر ہے۔ انہوں نے کہا مختلف چیلنجز پر قابو پانے اور ترقی کے زینے طے کرنے کے لئے عملی  اقدامات کی ضرورت ہے۔ امجد شعیب خان ترین نے کہا کہ اقوام متحدہ  کا 2030 کے لئے سلوگن ہے کہ ” کوئی پیچھے نہ رہ جائے”، اس طرح پائیدار ترقی کے ڈائیلاگ کا بنیادی مقصد ترقی کی دوڑ میں ہر فرد کو شامل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مذہب اسلام بھی ہمیں بھلائی کے کاموں میں دوسروں کو ساتھ لے کر چلنے کا درس دیتا ہے۔ سیکرٹری سروسز نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی زیادہ تر آبادی دیہی علاقوں پر مشتمل ہے اور دیہات کی غیر آباد زمینوں کو قابل کاشت بنا کر فوڈ سیکیورٹی کے ایشوز  پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

اقوام متحدہ کے پاکستان کی ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنس نے کہا کہ ڈائیلاگ میں شامل تمام سٹیک ہولڈرز کی رائے کو سفارشات میں شامل کیا جائے گا جو کہ پائیدار ترقی کے حوالے سے منعقد ہونیوالی انٹرنیشنل کانفرنس میں پیش کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ خطے کی ترقی کے حوالے سے بھرپور معاونت فراہم کرے گا۔ اس موقع پر ملتان چیمبر آف کامرس کے صدر میاں راشد اقبال نے اقوام متحدہ پاکستان سے خطے میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے حوالے سے ایم او یو سائن کرنے کی پیش کش کی اور کہا  ملتان چیمبر آف کامرس خطے کی ترقی کے لئے قائدانہ کردار ادا کرے گا۔