ملتان؛ضلعی انتظامیہ کا صحت کی سہولیات کیلئے ہیلتھ کونسلوں کو مکمل فعال کرنے کا فیصلہ

14

ملتان،07 اگست (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے صحت کی سہولیات کیلئے ہیلتھ کونسلوں کو مکمل فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت علاج و معالجہ فراہم کرنے کیلئے صحت کارڈ کی 100 فی صد رجسٹریشن کا ٹاسک بھی دے دیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ صحت کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ہسپتالوں میں صحت کارڈ کے حوالے سے خصوصی رجسٹریشن سنٹرز قائم کردیے ہیں جن کی براہ راست مانیٹرنگ اسسٹنٹ کمشنرز کررہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کی رجسٹریشن کرکے انکو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے مریضوں کیلئے صحت کارڈ کے تحت علاج کی سہولت دی ہے،ضلع کے تمام ہسپتالوں میں آنیوالے مریضوں کا مکمل آن لائن ڈیٹا تیار کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اسسٹنٹ کمشنرز ہسپتال انتظامیہ سے ملکر رجسٹریشن کا نظام نافذ کریں تاکہ حکومت کے ان اقدامات کا ثمر عوام تک پہنچ سکے۔

قبل ازیں اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے صحت کے شعبے میں اصلاحات پر تفصیلی بریفننگ بھی دی گئی۔اجلاس میں ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈ نٹس نے بھی شرکت کی۔