ملتان ؛ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے پیپر لیس سسٹم نافذ کردیا،تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

20

ملتان،07 اگست (ٓاے پی پی ):حکومت پنجاب کے “گو گرین” وژن پر عملدرآمد کرتے ہوئے ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے پیپر لیس سسٹم نافذ کردیا ہے ،اس سلسلے میں ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے انتظامی معاملات میں پیپر لیس کلچر متعارف کراکے کمپنی افسران و اہلکاروں کی ای فائلنگ سسٹم کے حوالے سے تربیت بھی مکمل کرلی گئی ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی شاہد یعقوب کی ہدایت پر کمپنی دفتر میں تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں سینئر منیجر آپریشن فہیم لودھی،منیجر ایچ آر عقیل احمد ،چیف انٹرنل آڈیٹر محمد آصف سمیت کمپنی منیجرز بھی شریک ہوئے۔

اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد یعقوب نے کہا کہ 14 اگست تک ای فائلنگ سسٹم مکمل نافذ کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے، ای فائلنگ سسٹم سے کمپنی معاملات میں شفافیت اور وسائل کی بچت ہوگی۔

شاہد یعقوب نے بتایا کہ دفتری ڈاک اور پبلک ڈاکیومنٹس کا مکمل ڈیٹا بیس تیار کیا جائے گا۔گو گرین وژن کے تحت ویسٹ منیجمنٹ کمپنی اصلاحاتی عمل جاری رکھے گی۔